امریکا نے پاکستان کی کورونا پالیسی کو شاندار قراردے دیا
اسلام آباد : کورونا کے بعد دنیا کے معاشی معاملات میں بڑی تبدیلی رونما ہوئی، لیکن پاکستان نے بہتر حکمت عملی سے کورونا وبا کا مقابلہ کیا، امریکی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کی کرونا پالیسی کو شاندار قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے کہی دہائیوں سے مضبوط اور بہترین تعلقات قائم ہیں، پاکستان کے تحفظات اور تشویش کا سمجھتے ہیں۔
پاکستان ٹیلی ویژن کو دیے گیے انٹرویو میں گزشتہ روز پاکستان پہنچنے والی امریکی وزیر خارجہ نے اعتراف کیا کہ امریکا کے پاکستان کے ساتھ مضبوط اور دو طرفہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کا دل سے احترام کرتے ہیں۔امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا کے بعد دنیا کے معاشی معاملات میں بڑی تبدیلی رونما ہوئی، لیکن پاکستان نے بہتر حکمت عملی سے کورونا وبا کا مقابلہ کیا۔
وینڈی کا کہنا تھا کہ چین دنیا کی بہت بڑی ابھرتی ہوئی معیشت ہے، ہم کسی کی ترقی میں رکاوٹ بننا نہیں چاہتے بلکہ امریکا افغانستان کی ترقی کا خواہش مند بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے تحفظات اور تشویش کو سمجھتے ہیں، پاکستان کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، جس کا سب اعتراف کرتے ہیں‘۔ وینڈی کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی بہتری کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر اقدامات کرتے رہیں گے۔