اے این ایف نے بھنگ کی کاشت کیلئے 4 جگہوں کی منظوری دے دی
اسلام آباد : اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے بھنگ کی کاشت کیلئے4 جگہوں کی منظوری دے دی، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ بھنگ کے منصوبے میں سرمایہ کاری کیلئے بڑی تعداد میں لوگ آگئے، بھنگ کے ایک بیج کی قیمت12 ڈالر اور ایک لیٹر سی بی ڈی آئل 10ہزار ڈالر کا ہے،2025 تک بھنگ کی عالمی مارکیٹ 95 ارب ڈالرتک پہنچ جائے گی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا، پی سی ایس آئی آرحکام نے کمیٹی کو بھنگ کی پیداوار کے منصوبے پر بریفنگ میں بتایا کہ بھنگ کو صنعتی اورادویات میں استعمال کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ اےاین ایف نے بھنگ کی کاشت کیلئے4 سائٹس کی منظوری دے دی ہے، گجرخان میں صنعتی مقاصد کیلئے100 ایکڑ کاشت شروع کریں گے، روات میں ادویات میں استعمال کیلئے بھنگ کی کاشت شروع کی گئی۔