لڑکی کے ڈی این اے ٹیسٹ کے تحفے نے ہوش اڑادیئے

نیویارک: برطانیہ میں ایک 30سالہ لڑکی نے اپنے ماں باپ کو ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے کٹس خرید کر تحفے میں دیں اور جب ان کے نتائج آئے تو لڑکی کی ماں کا ایسا شرمناک جھوٹ پکڑا گیا کہ باپ بیٹی کے پیروں تلے زمین نکل گئی۔ دی سن کے مطابق اس لڑکی نے اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ @sincerelysapphicپراپنی کہانی سناتے ہوئے بتایا ہے کہ میری ماں کو کسی نے گود لے کر پالا تھا اور وہ نہیں جانتی تھی کہ اس کے اصل ماں باپ کون ہیں۔ چنانچہ میں نے اس کے لیے ایک ڈی این اے ٹیسٹ کٹ خریدنے کا فیصلہ کیا اور اس کے ساتھ اپنے باپ کے لیے بھی ایک کٹ خرید لی۔

لڑکی بتاتی ہے کہ ”میں چند سال کی ہی تھی کہ میرے ماں باپ میں علیحدگی ہو گئی تھی اور اس کے بعد سے مجھے میرے باپ نے پالا تھا۔ تاہم میری ماں کے ساتھ بھی میرے تعلقات ہمیشہ سے بہت اچھے رہے تھے اور ہم اکثر ملتی رہتی تھیں۔ اپنے باپ کو ٹیسٹ کٹ تحفے میں دیئے جب کئی ماہ گزر گئے تو میں نے اس سے پوچھا کہ آپ ٹیسٹ کب کرو گے تو انہوں نے کہا کہ وہ اپنا ٹیسٹ کر چکے ہیں۔ میں نے ویب سائٹ پر ’لاگ ان‘ کیا اور ان کی ڈی این اے کی تفصیل دیکھی۔ یہاں یہ دیکھ کر میرے ہوش اڑ گئے کہ ان کا ڈی این اے مجھ سے میچ نہیں کر رہا تھا۔

گویا میں ان کی بیٹی نہیں تھی اور میری ماں نے آج تک مجھ سے اور میرے باپ سے جھوٹ بولا تھا اور علیحدگی کے بعد مجھے پرورش کی ذمہ داری بھی اس شخص پر ڈال دی تھی جو میرا حقیقی باپ ہی نہ تھا۔ میں اپنی ماں کے پاس گئی اور اس سے پوچھا تو اس نے اعتراف کر لیا کہ میں اس کے کسی دوسرے شخص کے ساتھ معاشقے کے نتیجے میں پیدا ہوئی تھی تاہم اس نے تمام عمر یہ بات مجھ سے اور میرے باپ سے چھپا کر رکھی۔“

لڑکی ویڈیو میں اپنے آنسو پونچھتے ہوئے بتاتی ہے کہ ”میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ میری ماں میرے ساتھ اور اس آدمی کے ساتھ اتنا بڑا دھوکہ کرے گی جسے میں آج تک اپنا باپ سمجھتی آئی ہوں۔ میں اس شخص کی مشکور ہوں کہ اس نے میری اتنی بہترین پرورش کی حالانکہ وہ میرا باپ نہیں تھا۔ تاہم میں تمام عمر اسی کو اپنا باپ سمجھوں گی۔ میں امید کرتی ہوں کہ میری زندگی میں پھر کوئی ایسا دن آئے گا کہ میں پھر سے ہنسوں گی، بہرحال اس وقت میں جس تکلیف سے دوچار ہوں، اسے الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی۔“

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے