مہنگائی کی ستائی عوام پر ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاریاں
اسلام آباد : مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام پر حکومت نے ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد اب بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کی قیمت میں 2 روپے 65 پیسے فی یونٹ اضافہ کا امکان ہے۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے) نے ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کی جس پر نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) 27 اکتوبر کو سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا۔
درخواست میں کہا گیا کہ ستمبر میں پانی سے36 اعشاریہ دو فیصد بجلی پیدا کی گئی اور کوئلے سے 17 اعشاریہ صفر پانچ فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ مہنگے فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 19 روپے 23 پیسے فی یونٹ رہی، مقامی گیس سے8اعشاریہ نو فیصد جبکہ درآمد ایل این جی سے 18 اعشاریہ نو فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
یاد رہے کہ پانچ روز قبل حکومت نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 68 پیسے اضافہ کیا تھا۔