نور مقدم قتل کیس میں اہم پیش رفت
اسلام آباد :: نور مقدم قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔سماء ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملزم ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر نے فرد جرم کے خلاف درخواست واپس لے لی ہے۔جمعہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔ملزم ذاکر جعفر کے وکیل راجا رضوان عباسی نے درخواست واپس لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 18 اکتوبر کو ملزم کے والد ذاکر جعفر کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا تھا۔ نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والد نے فرد جرم کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ذاکر جعفر نے فرد جرم کے خلاف دائر درخواست میں ٹرائل کورٹ کا 14 اکتوبر کا حکمنامہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ٹرائل کورٹ کا آرڈر قانونی نظر سے نامناسب ہے۔ٹرائل کورٹ نے تاثر دیا کہ فرد جرم پراسیکیوشن کی خواہش کے مطابق ہوتی ہے۔آرڈر سے تاثر ملازم پولیس جو بھی الزام لگا دے اس پر فرد جرم ہو سکتی ہے۔ذاکر جعفر نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ ٹرائل کورٹ نے تاثر دیا کہ فرد جرم محض ایک مکینیکل مشق ہے۔ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قررا دیا جائے۔