مسلم لیگ ن سے وزیراعظم کون ہو گا ؟ شہباز شریف سوال گول مول کر گئے
اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف وزیراعظم کے لیے مسلم لیگ ن کے اُمیدوار سے متعلق سوال گول مول کر گئے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مسلم لیگ ن سے وزیراعظم کے اُمیدوار سے متعلق سوال کیا گیا۔ صحافی نے شہباز شریف سے سوال کیا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے اگلے وزیراعظم کے لیے آپ کا انتخاب کیا جائے گا یا مریم نواز کو ٹکٹ دیا جائے گا؟ جس پر شہباز شریف نے صحافی کے سوال کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ آپ کوکبھی ایسا موقع نہیں ملے گا جس سے آپ محظوظ ہوں۔
فیصل آباد جلسے میں لگنے والے نعروں سے شہبازشریف نے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سالمیت، دفاع پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد جلسے میں جس نےنعرے لگائے اس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے، وہ شخص نہ کارکن نہ ہی کوئی عہدیدار ہے۔ عوامی جلسوں میں اداروں کے سربراہان کے خلاف نعرے لگانا قومی مفاد کے خلاف ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی پاکستان کا نمبر ون مسئلہ بن گئی ہے۔ لوگ فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہیں اور وزیر اعظم یوٹرن لے رہے ہیں لیکن اب حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے اور اس حکومت کو مزید برداشت نہیں کریں گے کیونکہ حکومت سے لوگ تنگ آ چکے ہیں۔
ڈینگی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ڈینگی کا ٹیسٹ 90 روپے میں ہوتا تھا اور مسلم لیگ ن کے دور میں ڈینگی کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے تھے۔ ہم نے ڈینگی کے مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کیں اور ہمارے دور میں ڈینگی سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اجلاس کیے گئے۔ ڈینگی سے کیسے بچا جائے پنجاب حکومت کے پاس ایک کتاب موجود ہے۔