وزیراعظم کا قوم سے خطاب نہیں، ایمنسٹی سکیم کا اشتہار تھا: شیری رحمان
اسلام آباد: شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا قوم سے خطاب نہیں، ایمنسٹی سکیم کا اشتہار تھا، وہ چند دن پہلے بھی ایمنسٹی سکیم پرخطاب فرما چکے ہیں، حکومت بتائے دو ہفتہ بعد ایمنسٹی پر خطاب کی کیا ضرورت پڑی ہے۔
نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے وزیر اعظم کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا قوم سے خطاب کرنا ہے تو پارلیمان میں آئیں، پارلیمان کا اجلاس چل رہا ہے لیکن خطاب ٹی وی پر ہو رہے ہیں، جس سکیم پر پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اس پر عوام کیسے اعتماد کرے، قوم کو انتظار تھا وزیراعظم پالیسی کا اعلان کریں گے، لیکن وزیراعظم کے خطاب میں سوائے الزام تراشی کے کچھ نہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا ایسا لگتا ہے گزشتہ ایمنسٹی کی طرح یہ ایمنسٹی بھی ناکام ہو گئی ہے، وزیراعظم بتاتے بجٹ میں عوام کو کتنا ریلیف دیا جائے گا، اس حکومت نے 10 ماہ کوئی معاشی ٹارگٹ حاصل نہیں کیا، ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کے نام بتائے جائیں، معیشت چند لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے چلائی جا رہی ہے۔