پی ڈی ایم سربراہی اجلاس ، لانگ مارچ کی تاریخ سمیت اہم فیصلے متوقع

پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہی اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔
جس کی صدارت پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کر رہے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کی قیادت سمیت سابق وزیراعظم نواز شریف بھی اس اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔
اجلاس میں لاہور میں احتجاجی ریلی کی تاریخ اور حکومت کے خلاف لانگ مارچ اور اسمبلی سے استعفوں سے متعلق غور کیا جائے گا۔
چھ نومبر کو ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں لانگ مارچ سے قبل ملک کے مختلف اضلاع میں احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں سے حکومت مخالف تحریک کے لیے رابطوں کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل ملاقاتیں بھی کیں اور حکومتی بلز کی مخالفت کے لیے حکمت عملی بھی بنائی گئی، تاہم متحدہ اپوزیشن کے باوجود حکومت نے اتحادیوں کے ہمراہ 29 بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور کروا لیے تھے۔

admin