ٹیچر کا بیوی کو ‘محبت کی علامت’ تاج محل کا تحفہ
انڈیا کی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک رہائشی نے اپنی اہلیہ کو محبت کی علامت ’تاج محل‘ سے ملتا جلتا گھر تحفے میں دیا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق تعلیم کے شعبے سے وابستہ آنند پرکاش نے تاج محل کی طرز پر چار کمروں کی عمارت اپنی اہلیہ منجوشا چوکسے کے لیے تعمیر کروائی ہے۔
جوڑے نے آگرہ میں تاج محل کے فن تعمیر کا جائزہ لیا اور انجینیئرز کو ہدایت کی کہ وہ اس کے سٹرکچر سے متعلق تمام تفصیلات کو نوٹ کریں۔
ابتدا میں آنند پرکاش نے انجینیئرز سے 80 فٹ بلند گھر بنانے کو کہا تھا لیکن انتظامیہ سے انہیں اجازت نہیں مل سکی تھی، جس کے بعد انہوں تاج محل سے مشابہت رکھتا ہوا گھر بنانے کا فیصلہ کیا۔
کنسلٹنٹ انجینیئر پراوین چوکسے کے مطابق تاج محل کے جیسا یہ گھر 90 مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہے جس میں مینار بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
منفرد گھر 60 مربع میٹر کے بنیادی ڈھانچے پر کھڑا ہے جس کی دوسری منزل پر دو کمرے ہیں، جبکہ گنبد 29 فٹ اونچا ہے۔