ثاقب نثار بتائیں کس نے مجھے اور نوازشریف کو سزا دینے پر مجبور کیا
اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے سابق چیف جسٹس کی لیک آڈیو کو ثاقب نثار کے خلاف چارج شیٹ قرار دیا۔انہوں نے اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ثاقب نثار نے کہا تھا کہ یہ آواز ان کی نہیں ہے۔ثاقب نثار کو آج تک نہیں تو کل سچ بتانا پڑے گا۔سابق چیف جسٹس نے انصاف کا قتل کیا،ان کی لیک آڈیو گناہوں کا اعتراف ہے۔
ان کی سازش کے خلاف قدرت کا نظام حرکت میں آ چکا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار بتائیں کس نے انہیں کہا کہ عمران خان کو لانا ہے۔بتائیں آپ کو کس نے مجبور کیا کہ نوازشریف اور مجھے سزا دیں۔ثاقب نثار بتائیں آپ غیر قانونی اقدامات کرنے پر کیوں مجبور ہوئے۔
اور وہ کون تھا جسے آپ بطور چیف جسٹس انکار نہیں کر سکتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ نوازشریف اور ن لیگ کے حق میں پانچویں گواہی ہے۔
عمران خان کو کہا گیا کہ نوازشریف کے خلاف درخواست ہمارے پاس لائیں۔پاناما میں 450 افراد کے نام آئے۔کسی کو کچھ نہیں کہا گیا جس کا نام نہیں آیا اس کو سزا دی گئی۔بیٹے کو تنخواہ نہ لینے پر منتخب وزیراعظم کو آفس سے باہر نکالا گیا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ سب سے پہلی گواہی جسٹس شوکت صدیقی کی تھی انہوں نے سنگین الزام لگائے اور کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی ان کے گھر آئے اور نوازشریف کو سزا دینے کا کہا۔
تین سال میں جنرل فیض نے کبھی اس بات کی تردید نہیں کی۔جج ارشد ملک کو بھی سچ بولنے کے جرم میں نکال دیا گیا۔مریم نواز نے مزید کہا کہ پاناما میں 400 سے زائد افراد کے نام آئے۔لیکن نوازشریف کے علاوہ کسی اور کو سزا نہیں دی،حالانکہ سزا بنتی ہی نہیں تھی۔ثاقب نثار کو جواب دینا پڑے گا۔انہیں قوم کو سچ بتانا پڑے گا۔ثاقب نثار کے گناہوں کو بوجھ عدلیہ نہ اٹھائے، عدلیہ اس معاملے سے خود کو علیحدہ کرے۔ججر کے ہاتھ میں نوازشریف کو انصاف دیں اور اپنے چہرے سے اس دھبے کو دھوئیں۔