بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان کراچی سے 1150 کلومیٹر دور
کراچی: محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان کراچی کے جنوب میں 1150 کلومیٹر دور ہے اور بھارت کی جانب بڑھ رہا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا اب تک کی صورتحال کے مطابق سمندری طوفان 13 جون کو بھارتی ساحلی علاقے گجرات سے ٹکرائے گا، جب کہ اگلے ایک سے دو روز کے دوران سمندری ٹریک میں تبدیلی کا بھی امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کے مطابق سمندری طوفان سے کراچی سمیت پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندر میں ہونے والی غیر معمولی سرگرمی کا مستقل بنیادوں پر 24 گھنٹے مشاہدہ کیا جارہا ہے، تاہم سمندری طوفان بننے اور پاکستانی ساحلی مقامات کے قریب آنے پر شہرمیں شدید گرمی اور بارشوں کی شکل میں اثرات نمایاں ہوسکتے ہیں۔
ایک بات کا امکان ہے کہ اگر یہ طوفان پاکستانی ساحلی مقامات کے قریب سے گزرا توبھی بارشوں کا سبب بنے گا اور کسی پاکستانی ساحلی مقام کے انتہائی قریب سے گزرنے یا ٹکراؤ کے نتیجے میں زیادہ شدت کی ہواؤں اور بارش کا سبب بن سکتا ہے۔