مریم نواز وزیراعظم بن گئیں تو تباہی پھیر دیں گی
لاہور :: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز وزیراعظم بن گئیں تو تباہی پھیر دیں گی۔جیو ٹی وی کے پروگرام ’ کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا ن لیگ کی طرف سے شہباز شریف کے وزیراعظم کے اگلے امیدوار ہونے کا مطلب ہے کہ پاؤں پڑنے کا ٹائم ہوا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز جس طرح میڈیا سیل چلاتی تھیں اگر وزیراعظم بن گئیں اور اس طرح پاکستان چلایا تو تباہی پھیر دیں گی۔انہوں نے پروگرام میں موجود لیگی رہنما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محمد زبیر وزیراعظم کے لیے اچھے امیدوار ہیں۔جبکہ محمد زبیر نے کہا کہ ہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کے سینئر نائب ہیں میں ان کے بیان کو چیلنج نہیں کر سکتا۔
شاہد خاقان عباسی اپنے بیان کی وضاحت کریں تو زیادہ بہتر ہو گا۔ شاہد خاقان عباسی کے پاس شاید ایسی معلومات ہیں جو میرے پاس نہیں ہیں۔انتخابات میں بہت وقت باقی ہے، ابھی بہت ساری چیزیں واضح نہیں ہیں، شہباز شریف کے خلاف بھی دوبارہ کیسز بنائے جا رہے ہیں۔مجھے سو فیصد یقین ہے مریم نواز کو کیس میں ریلیف ملے گا۔انہوں نے مزیدکہا کہ شاہد خاقان عباسی کے بیان کے بعد میری مریم نواز سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
وہ بیٹے کی شادی کی تقریبات میں مصروف ہیں اس لیے ان سے بات نہیں کی۔شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب خود کو بہیترین ایڈمنسٹریٹر ثابت کیا۔شہباز شریف نے مشکل ترین وقت میں ن لیگ کی قیادت کی ہے۔مریم نواز لوگوں کو جمع کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے نہتی لڑکی ہونے کے باوجود مزاحمت کی سیاست کی۔مریم نواز مزاحمت کی علامت کے طور پر سامنے آئیں۔