سپریم کورٹ نے اسکول فیس سے متعلق فیصلہ جاری کردیا
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اسکول فیسوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ جاری کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ اسکولز فیس میں سالانہ پانچ فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت عظمیٰ نے نجی اسکولز کے حق میں آنے والا لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ کے فل بنچ کا اسکول فیسوں کی حد مقرر کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔
سپریم کورٹ نے فیسوں میں 20 فیصد کمی سمیت تمام عبوری حکم بھی واپس لیتے ہوئے کہا کہ نجی اسکولز صرف قانون کے مطابق ہی فیس وصول کر سکتے ہیں۔ عدالت نے نجی اسکولز کو کم شدہ فیس بطور بقایا جات لینے سے بھی روک دیا۔