وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سیاست کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایک مرتبہ پھر سے سیاست کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وفاقی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہر سے لوگ آ کر اسلام آباد میں ڈکیتی کی وارداتیں کرتے ہیں اور سیالکوٹ واقعہ پر بھی ہم سب شرمندہ ہیں۔
انتہا پسندی سے پاکستان کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ مسیحی ملازمین کو مستقل کریں گے اور مسیحی کالونی تعمیر کروائیں گے۔ 25 دسمبر تک جن مسیحی ملازمین کو تنخواہ نہیں ملتی وہ مجھ سے براہ راست رابطہ کریں۔ سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کرسمس کی آمد پر تقریب میں شرکت کی کیک کاٹا اور اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے تمام مذاہب اور فرقوں سے دوستانہ تعلقات ہیں، اسلام آباد میں مسیحی کالونی کے بیان پر قائم ہوں، کالونی میں صرف مسیحی شہری ہی رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افسران اپنے اوپر بیٹھے افسران کا دل خوش کرنے میں لگے ہوئے ہیں،اسلام آباد کے پاس اربوں روپے ہیں لیکن غریبوں کو دینے کیلئے دل نہیں ہے، باتیں وہ زیادہ گردش کرتی ہیں جن میں مسالہ ہو۔میں ہر مذہب کے بڑے کا نام عزت سے لیتا ہوں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے پاس پیسہ زیادہ ہے تاہم غریب کو دینے کے لیے ہمت چاہیے ہوتی ہے۔