نومبر ابھی کافی دور ہے، وزیراعظم
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے اہم بیان سامنے آیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو مزید توسیع دینے سے متعلق ابھی سوچا نہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارے بہت اچھے کاموں کی تشہیر نہیں ہو رہی، پنجاب حکومت کی کارگردگی سے مطمئن ہوں۔
اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔ہماری حکومت کے اگلے تین ماہ بہت اہم ہیں۔آئندہ تین ماہ میں مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہو گا۔حکومت کی سب سے بڑی ناکامی احتساب کا نہ ہونا ہے،تمام تر شواہد کے باوجود یہ بچ نکل رہے ہیں۔اللہ کا شکر ہے ہمارے ووٹ بینک میں کوئی کمی نہیں ہوئی،اپوزیشن عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو ضرور لائے،ان کرپشن زدہ پارٹیوں سے مجھے کوئی خطرہ نہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں شکست سے ہمیں نقصان ہوا۔کے پی کے انتخابات میں شکست پارٹی کی تنظیمی سطح پر بڑی ناکامی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے چین اور امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ میرے فوجی قیادت کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں۔آرمی چیف کو مزید توسیع دینے سے متعلق ابھی سوچا نہیں، نومبر کافی دور ہے۔