سانحہ مری پر حکومت کو مشکلات کا سامنا
اسلام آباد: سانحہ مری پر جہاں اپوزیشن جماعتوں اور عوام نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی حکومت کے خلاف ہو گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے مری واقعے کا ذمہ دار وفاقی اور صوبائی حکومت کو قرار دے دیا۔
قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی صلاح الدین نے کہا کہ سب سے بڑی ذمہ داری مری انتظامیہ کی ہے، این ڈی ایم اے بھی واقعے کی ذمہ دار ہے۔ حکومت کو شاید اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ اس قدر طوفانی برف باری ہوسکتی ہے، حالانکہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی تھی۔ جبکہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں سانحہ مری پر بحث کے دوران حزب اختلاف نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ’انتظامی ناکامی‘ اور ’مجرمانہ غفلت‘ کا الزام عائد کیا تھا۔