آصف زرداری نے حکومت کے خلاف ان ہاؤس تبدیلی کی حمایت کر دی
اسلام آباد : سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے ان ہاؤس تبدیلی کی حمایت کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان ہاؤس تبدیلی سے متعلق سوال کے جواب میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ انشا اللہ بہتر ہوگا، میں تو چاہتا ہوں کہ یہ حکومت پہلے دن چلے جائے، یہ نا معقول لوگ ہیں ان سے حکومت نہیں چلائی جائے گی اور اب تاریخ نے بھی یہ بات ثابت کر دی ہے، جو عوام کے حالات ہیں ان میں حکومت سے کچھ نہیں ہو سکتا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے دوبارہ پی ڈی ایم کا حصہ بننے کے سوال پر آصف زرداری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم لیکن میں ایسا نہیں سمجھتا ہوں، مولانا فضل الرحمن پہلے بھی مارچ کرتے رہے ہیں۔
قبل ازیں احتساب عدالت میں سابق صدر آصف زرداری کی نیویارک پراپرٹی کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ آصف زرداری عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹر نے درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی۔