جہانگیر ترین ایک بار پھر متحرک ہو گئے

جہانگیر ترین ایک بار پھر متحرک ہو گئے

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین ان دونوں ایک بار پھر خاصے متحرک دکھائی دیتے ہیں۔جہانگیر ترین بدھ کوکراچی پہنچ گئے۔کراچی میں انہوں نے پی ٹی آئی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں۔ جہانگیر ترین نے کراچی میں علی حیدر گیلانی اور اسٹنگ آپریشن کے اہم کردار پی ٹی آئی کے ایم این اے فہیم خان سے ملاقات کی، ذرائع نے بتایا کہ ایم این اے کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں پارٹی معاملات پر گفتگو کی گئی۔

جہانگیر ترین نے ایم این اے عالمگیر خان سے بھی ملاقات کی اور ان کے والد کے انتقال پر ان سے تعزیت کی، پی ٹی آئی رہنما نے رکن صوبائی اسمبلی عباس جعفری سے بھی ملاقات اور ان کی والدہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کی۔
دوسری جانب گذشتہ ہفتے پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنماء جہانگیر ترین نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن سے پرانی دوستیاں ہیں جو ایسے ہی چلیں گی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے شرکت کی لیکن شادی کی اس تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنماء اور شوگر ملز کیس کے نامزد ملزم جہانگیر ترین صحافیوں کی خاص توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے جہاں ان سے کئی سیاسی سوالات کیے گئے۔ اس دوران ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا جہانگیر ترین کا جہاز کبھی مسلم لیگ ن کی طرف جا سکتا ہے؟ اس کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہا کہ جہاز تو کسی بھی طرف جا سکتا ہے ، خواجہ سعد رفیق میرے بھائی ہیں اور اکٹھے فیملی میں رہ چکے ہیں ، ن لیگ سے دوستیاں پرانی ہیں اور ایسے ہی چلیں گی۔

admin