خیبرپختونخوا کے آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال برائے 20-2019 کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے نئے مالی سال کے لیے ترقیاتی پروگرام کا مجموعی حجم 209 ارب روپے رکھا ہے جس میں87 ارب روپے غیرملکی وسائل سے حاصل ہوں گے، جن میں 50 ارب45 کروڑ روپے قرض جب کہ 36 ارب4 کروڑ روپے گرانٹ کی مد میں موصول ہوں گے، اس کے علاوہ صوبائی حکومت اپنے وسائل سے مجموعی طور پر 121 ارب 50 کروڑ روپے فراہم کرے گی جس میں 85 ارب روپے صوبائی سطح کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے مختص کیے جارہے ہیں جب کہ 36 ارب50 کروڑضلعی حصہ رکھاگیاہے جو بلدیاتی اداروں کو ترقیاتی کاموں کے لیے فراہم کیاجائے گا۔
مالی سال برائے 20-2019 میں مختلف شعبہ جات میں ترقیاتی کاموں کے لیے جو فنڈز مختس کیے جارہے ہیں ان میں عمارات کے لیے ایک ارب ،صنعتوں کے لیے ایک ارب70 کروڑ، جنگلات 3 ارب ،ریلیف و بحالی 2 ارب 22 کروڑ، داخلہ 3 ارب20 کروڑ، اعلیٰ تعلیم ساڑھے 4 ارب ، ڈی ڈبلیو ایس ایس ساڑھے 4 ارب ،شہری ترقی 4 ارب98 کروڑ، خزانہ 5 ارب20 کروڑ، کھیل و سیاحت 5 ارب 66 کروڑ،خصوصی اقدامات 6 ارب، بلدیات 7 ارب، انرجی اینڈ پاور ساڑھے 8 ارب، زراعت 10 ارب، شعبہ آب 10 ارب، صحت 10 ارب 25 کروڑ، ٹرانسپورٹ 14 ارب سے زائد،ملٹی سیکٹرڈیویلپمنٹ 20 ارب44 کروڑ، ابتدائی وثانوی تعلیم 21 ارب60 کروڑ،سڑکوں کے شعبہ کے لیے 22 ارب65 کروڑ،ضلعی ترقیاتی پروگرام 36 ارب50 کروڑ روپے،قانون 94 کروڑ،سائنس اینڈٹیکنالوجی 67 کروڑ،بہبود آبادی 64 کروڑ،خوراک 50 کروڑ،بورڈ آف ریونیو 48 کروڑ،معدنیات42 کروڑ،مذہبی واقلیتی امور42 کروڑ،ہاﺅسنگ 37 کروڑ،سماجی بہبود31 کروڑ،ایکسائز اینڈٹیکسیشن 21 کروڑ50 لاکھ ،اطلاعات ساڑھے پندرہ کروڑ، لیبر 9 کروڑ80 لاکھ اور ماحولیات کے لیے 4 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔