بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
اسلام آباد : ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی بھارتی کھلاڑی 35 سالہ ثانیہ مرزا نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ وہ زخمی ہونے کی وجہ سے رواں سیزن کے اختتام پر ٹینس سے ریٹائر ہو جائیں گی۔ انہوں نے آسٹریلین اوپن میں پہلے راونڈ سے اپنی پارٹنر یوکرائن کی نادیہ کیچینوک کے ہمراہ دست برداری کا اعلان کیا۔
ثانیہ مرزا نے میلبرن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا،”میں نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ میرا آخری سیزن ہوگا۔ میں ایک کے بعد ایک ہفتہ کرکے اسے گذار رہی ہوں۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں اسے مکمل کر پاوں گی لیکن میں ایسا کرنا چاہتی ہوں۔” ان کے والد نے بھی بعد میں ثانیہ مرزا کے اعلان کی تصدیق کی۔
ثانیہ مرزا کا کہنا تھا، "مجھے ابھی بھی لگتا ہے کہ میں اچھا کھیل سکتی ہوں اور اس ٹورنامنٹ میں آگے جا سکتی ہوں۔
لیکن اس سیزن کے بعد میں اپنے جسم کو ایسا کرتا نہیں دیکھ رہی۔ یہ مشکل ہو گا۔”
ثانیہ مرزا کو بھارت کی سب سے بہترین خاتون ٹینس کھلاڑی مانا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں چھ گرینڈسلیم ڈبلزٹائٹل جیتے ہیں۔ رواں آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ میں ثانیہ مرزا امریکی کھلاڑی راجیو رام کے ساتھ مکسڈ ڈبلز کی ٹیم میں شامل ہیں۔ ان کی ٹیم جمعرات کو پہلے راونڈ میں شرکت کرے گی۔
جنوبی بھارت کے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ثانیہ مرزا پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ہیں۔ انہوں نے اپنا آخری ویمنز ڈبلزخطاب ستمبر میں چین کی زہانگ شوائی کے ساتھ اوستراوا اوپن میں جیتا تھا۔