لاہور انارکلی دھماکے میں اہم پیش رفت، سہولت کار پکڑے گئے
لاہور : لاہور کے علاقے انارکلی میں ہونے والے دھماکے کی تفتیش میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔سیکیورٹی اداروں نے سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا ۔ مبینہ سہولت کاروں کو آج صبح حراست میں لیا گیا ہے۔مبینہ سہولت کاروں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ملزمان سے پوچھ گچھ کا آغاز کر دیا ہے۔قبل ازیں کلوزسرکٹ فوٹیجز سے تین مشتبہ افراد کی نشاندہی کرلی گئی جس کے بعد تمام افراد کے چہروں کی شناخت کے لیے نادرا سے رابطہ کیا گیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق مشتبہ افراد دھماکے سے قبل جائے وقوعہ کے ارد گرد دیکھے گئے تاہم پولیس تفتیش مکمل ہونے تک کسی کو حتمی ملزم قرار نہیں دے سکتے ،مشتبہ افراد کا ریکارڈ حاصل کرکے کردار کا تعین ہوگا ۔
نجی ٹی وی ے تفتیشی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اناکلی پان منڈی دھماکے میں جگہ کی ریکی کرنے والے 2 مبینہ دہشت گردوں کی نشاندہی ہوچکی ہے ، دھماکے کی جگہ پر نصب کیمروں میں 3 مشکوک افراد کی نشاندہی ہوئی ہے ، تینوں میں سے ایک شخص نے دھماکہ خیز مواد رکھا اور باقی 2 نے اس کی معاونت کی جب کہ مبینہ سہولت کار بم کا پارسل لانے والے دہشت گرد سے فون پر رابطے میں تھا ۔