ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کا پاکستان میں کرپشن مزید بڑھنے کا دعویٰ

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کا پاکستان میں کرپشن مزید بڑھنے کا دعویٰ

اسلام آباد:ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پاکستان میں کرپشن مزید بڑھنے کا دعویٰ کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کا کرپشن پرسیپشن انڈیکس جاری کردیا ، جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16درجے اوپر چلا گیا ، پاکستان 180ممالک میں سے 140ویں نمبر پر آگیا ، کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں 2020 میں پاکستان کا نمبر 124 واں تھا ، کرپشن پرسیپشن انڈیکس اسکور کا کم ہونا بدعنوانی میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 3 سالہ دور حکومت میں 4 درجے تنزلی ہوچکی ہے۔ ادھر وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ احتساب اور کرپشن کیخلاف بیانیہ پر فرنٹ فٹ پر کھیلیں، مجرموں سے ڈیل قوم سے غداری کے مترادف ہے، اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی باتیں پھیلا کر سیاسی ماحول بنا رہی ہیں ، عالمی ادارے معیشت کے بارے میں مثبت اشارے دے رہے ہیں، کرپشن کیخلاف بیانیہ کیساتھ حکومت کے اچھے کام اجاگر کریں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیاسی و معاشی صورتحال پر ترجمانوں کو بریفنگ دی جہاں وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ کرپشن کے خلاف بیانیہ پر فرنٹ فٹ پر کھیلیں، ن لیگ سیاسی جماعت نہیں، مافیا کی طرح آپریٹ کر رہی ہے ، انہوں نے ہر شعبے میں رانا شمیم جیسے لوگ استعمال کیے، اپوزیشن ڈیل کی افواہیں پھیلا کر سیاسی ماحول بنا رہی ہے ، مجرموں سے ڈیل قوم سے غداری کے مترادف ہے ، کرپشن کے خلاف بیانیہ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

admin