ٹاپ ٹین کی اہمیت نہیں ہے، وزیراعظم کا مجھ پر اعتماد ہی اطمینان ہے

ٹاپ ٹین کی اہمیت نہیں ہے، وزیراعظم کا مجھ پر اعتماد ہی اطمینان ہے

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میرے نزدیک کسی ریویو کمیٹی کے ٹاپ ٹین میں آنے نہ آنے کی اہمیت نہیں ہے اور وزیراعظم کا مجھ پر مکمل اعتماد ہے جو ان کا اطمینان ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چوہدری برادران سے ملاقات کرنے سے مسلم لیگ ن کے بیانیے کو دھچکا لگا ہے۔

چوہدری صاحبان سیاسی لوگ ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ حکومت اور ریاست کے مفادات ایک ہیں۔ وزیر خارجہ نے سوال اُٹھایا کہ کیا مسلم لیگ ن پنجاب کی قیادت مسلم لیگ ق کو دینے کے لیے تیار ہے؟ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کارکردگی کی بنیاد پر دس وزارتوں کو تعریفی اسناد دیں جس کے بعد سے کئی وزرا نے اس معاملے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کروایا تھا۔

کچھ وزیروں نے پس پردہ بات چیت کے دوران کہا کہ غیر منتخب افراد پر مشتمل جائزہ کمیٹی کس طرح کابینہ کے ارکان کی کارکردگی کا جائزہ لے سکتی ہے۔ 10 بہترین افراد کی کارکردگی فہرست میں جن لوگوں کو جگہ نہیں ملی وہ وزیروں کو دیے گئے نمبروں کے طریقہ کار پر سوالات اٹھاتے نظر آتے ہیں۔ ایک وزارتی ذریعے کا کہنا تھا کہ شہزاد ارباب کی زیر قیادت کمیٹی نے وزیروں کو نہیں بتایا کہ کارکردگی کا جائزہ لینے کا طریقہ کار کیا ہے۔

admin