عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں بے قابو ہو گئیں
نیویارک : عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں بے قابو ہو گئیں، دوران ٹریڈنگ فی بیرل برینٹ خام تیل یکدم 9 ڈالرز مہنگا ہو گیا، قیمت 107 ڈالرز پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق روس اور یوکرین کی جنگ نے خام تیل کی عالمی مارکیٹ میں مچنے والی ہلچل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائیٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور جاپان کی جانب سے تیل کی سپلائی میں اضافہ کر کے قیمتوں میں استحکام لانے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دوران ٹریڈنگ امریکی خام تیل اور برینٹ کی قیمتوں میں یکدم ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ برینٹ خام تیل 9 ڈالرز کے اضافے سے 107 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا۔ جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں ہوشربا 10 ڈالرز کا اضافہ ہوا، جس سے سے فی بیرل قیمت 105 ڈالرز کی سطح کو عبور کر گئی۔