پاکستان کا یوکرین کشیدگی کے معاملے میں آزاد خارجہ پالیسی رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد: پاکستان نے روس اور یوکرین کشیدگی کے معاملے میں آزاد خارجہ پالیسی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں قومی سلامتی کے دیگر امور پر حکمت عملی بنانے پر غورکیا گیا، اجلاس میں قومی سلامتی کے دیگر امور پر بھی حکمت عملی بنانے پرغور کیا گیا۔
اجلاس میں خطے کی صورتحال کے پیش نظر عالمی سطح پر حکمت علی پر بھی مشاورت کی گئی۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلا س میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق اجلاس میں حکومت نے آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا رہنے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں روس اور یوکرین کی کشیدگی کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کسی بھی صورت میں کشیدگی کا حامی نہیں۔خیال رہے کہ روس اور یوکرین کے مابین جنگ کی صورتحال ہے اور جھڑپیں جاری ہیں۔یہاں واضح رہے کہ ہنگری میں پاکستانی سفیر محمد اعجاز نے یوکرین میں موجود پاکستانی طلبہ کو جلد از جلد یوکرین چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔ پاکستانی سفیر محمد اعجاز کے مطابق وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے، جھوٹی امید، خوف یا الجھن کی وجہ سے تاخیر نہ کریں، آپ جہاں کہیں بھی ہوں وہاں سے محفوظ ترین راستہ تلاش کریں اور یوکرین سے جلد از جلد نکلیں۔