پی ڈی ایم کا حکومت کیخلاف لانگ مارچ نہ کرنے کا فیصلہ
لاہور:نہ مارچ ہو گا، نہ ہی دھرنا، پی ڈی ایم کا حکومت کیخلاف لانگ مارچ نہ کرنے کا فیصلہ۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت مخالف اتحاد نے لانگ مارچ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم نے اپنی تمام توانائیاں حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر صرف کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اسی لیے حکومت کے خلاف نہ لانگ مارچ کیا جائے گا، نہ ہی دھرنا ہو گا۔
حکومت مخالف لانگ مارچ کی تیاریوں کی ذمے داری اسٹیئرنگ کمیٹی کو سونپی گئی تھی، تاہم اب اسٹیئرنگ کمیٹی نے بھی لانگ مارچ کی تیاریوں کو ترک کر دیا ہے۔ دوسری جانب جمعرات کو مولانا فضل الرحمان اور سابق صدر آصف علی زرادری کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال اور عدم اعتماد کی تحریک پر مشاورت ہوئی، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ملاقات کے دوران بذریعہ فون تمام مشاورت میں شریک رہے۔