یوکرینی صدر نے روس کے دونوں اہم مطالبات پر گھٹنے ٹیک دیئے
کیف: یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی نے روس کے دونوں اہم مطالبات پر گھٹنے ٹیکتے ہوئے روسی صدر سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں زیلینسکی نے کہا کہ وہ یوکرین کی مغربی دفاعی اتحاد نیٹو میں شمولیت کا مزید مطالبہ نہیں کریں گے۔
زیلینسکی نے پیوٹن کا ایک اور اہم مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین آزادی کا اعلان کرنے والے اپنے دو علاقوں کی قانونی حیثیت پر بھی سمجھوتے کیلئے تیار ہے جنہیں روس آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرچکا ہے۔یوکرینی صدر نے مزید کہا کہ یوکرین کے نیٹو میں شمولیت کے معاملے پر میں کافی پہلے ہی ٹھنڈا پڑ چکا ہوں، میں یہ سمجھ چکا ہوں کہ نیٹو یوکرین کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے، نیٹو متنازع معاملات سے خوفزدہ ہے، اسے روس کا سامنا کرنے سے ڈر لگتا ہے۔
زیلینسکی نے نیٹو کی رکنیت کے حوالے سے یہ بھی کہا کہ وہ ایسے ملک کا صدر ہونا گوارا نہیں کریں گے جو کسی چیز کیلئے گھٹنوں پر بیٹھ کر کسی سے بھیک مانگے۔یوکرینی صدر نے روس کے دوسرے اہم مطالبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ علیحدگی پسند تحریک والے علاقوں کے معاملے پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں، وہ صرف ان علاقوں میں سکیورٹی کی ضمانت چاہتے ہیں۔
زیلینسکی نے کہا کہ لوہانسک اور دونیتسک کو روس کے علاوہ کسی اور ملک نے تسلیم نہیں کیا لیکن ہم اس پر بات کر سکتے ہیں کہ مستقبل میں یہ علاقے کیسے اپنا انتظام چلائیں گے، میرے نزدیک سب سے اہم سوال یہ ہے کہ ان علاقوں میں موجود وہ لوگ جو یوکرین کا حصہ رہنا چاہتے ہیں وہ وہاں کیسے زندگی گزاریں گی اور یوکرین میں موجود وہ لوگ جو ان علاقوں کو اپنا حصہ سمجھتے ہیں وہ کیا کہیں گی لہٰذا یہ معاملہ محض ان علاقوں کو تسلیم کرنے سے زیادہ پیچیدہ ہے۔