ایک ہی لڑکی سے محبت، بھائی نے دولہا بننے والے بھائی کو قتل کردیا

ایک ہی لڑکی سے محبت، بھائی نے دولہا بننے والے بھائی کو قتل کردیا

پشاور: پولیس نے تھانہ خزانہ کی حدود میں دولہا کے اندھے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، دولہا فاروق کے قتل میں اس کا سگا بھائی ملوث نکلا۔ مقتول فاروق کی چار مارچ کو شادی ہونے والی تھی اور اسے مہندی کی تقریب سے سنسان جگہ بلا کر قتل کیا گیا۔ ملزم اسد خان بھائی کو قتل کرنے کے بعد لاش کو پھینک کر جائے وقوعہ سے فرار ہوا۔

ایس پی رورل نوشیروان علی نے بتایا کہ ملزم اسد خان اپنے مقتول بھائی کی تجہیز و تکفین میں بھی موجود تھا۔ تفتیشی ٹیم نے مقتول کے دیگر عزیز و اقارب سمیت مقتول کے بھائی کو بھی شامل تفتیش کیا۔ سرسری تفتیش کے دوران اسد خان نے اصل حقائق سے پردہ اٹھایا۔

ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران بھائی کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مقتول بھائی کی منگیتر سے شادی کا خواہشمند تھا جس کے لیے اسے راستے سے ہٹادیا۔ ملزم کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے اور دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

admin