پاکستان او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا چیئرمین بن گیا
اسلام آباد : پاکستان ایک سال کیلئے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا چیئرمین بن گیا ، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کی چیئرمین شپ ایک سال کے لیے پاکستان کو سونپی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اوآئی سی وزرائے خارجہ کا 48 واں اجلاس باقاعدہ شروع ہوچکا ہے ، اجلاس کے آغاز پر قرآن پاک کی تلاوت کی گئی ، جس کے بعد او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کی چیئرمین شپ ایک سال کے لیے پاکستان کو سونپ دی گئی ، نائجر کے وزیرخارجہ نے اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی صدارت پاکستان کے حوالے کی۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ ، او آئی سی سیکریٹری جنرل اور وفود شریک ہیں ، چین کے وزیرخارجہ بطور مہمان خصوصی اس اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں ، جہاں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے۔
اس موقع پر نائجر کے وزیرخارجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہائیوں پہلے اوآئی سی کی بنیاد رکھی گئی ،اوآئی سی کے 48ویں اجلاس میں سب کو خوش آمدید کہتے ہیں ، اوآئی سی کا مقصد تمام ممالک میں استحکام کا فروغ ہے، اوآئی سی اجلاس کے پاکستان میں انعقاد پر مبارکباد دیتے ہیں ۔