وزیر داخلہ شیخ رشید نے قبل از وقت انتخابات کا اشارہ دے دیا
اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے قبل از وقت انتخابات کا اشارہ دے دیا۔شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی قانون کا حصہ ہے، سندھ میں گورنر راج اور وفاق میں ایمرجنسی کا حامی تھا، مگر میرا مشورہ عمران خان نے رد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات جلدی بھی ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے بچھائے ہوئے جال میں پھنس چکی ہے ، سب کو کہہ رہا ہوں میں باخبر وزیرہوں کوئی کہیں نہیں جارہا ، تحریک عدم اعتماد کے روز اپوزیشن کوبڑا سرپرائز ملے گا ، ان کے پاس ہمارے کچھ بندے ہیں تو ہمارے پاس بھی اپوزیشن کے بندے ہیں ، ہمارے پاس بھی وہ لوگ ہیں جو ووٹ نہیں ڈلیں گے ۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ پارٹیاں بدلنے سے کوئی عزت نہیں رہتی ، اتحادی دیر سے فیصلہ کرتے ہیں اچھی بات ہے سوچ کر فیصلہ کرنا چاہیئے ، اتحادیوں سے امید ہے وہ اچھا فیصلہ کریں گے ، حالات روز بروز بہتری کی طرف آ رہے ہیں ، پاکستان میں الیکشن جلدی بھی ہوسکتے ہیں ، خواہش ہے کہ ملک اور جمہوریت آگے بڑھے، پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے ، جو فوج یا عدلیہ مخالف تحریک چلائے اسے سختی سے کچل دوں گا ، اب ان کو فوج کا خیال آگیا ہے بہت اچھی بات ہے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاک فوج اچھی اور عدلیہ دور اندیش ہیں۔