صدر نے نگران حکومت کی تشکیل کیلئے وزیراعظم اور شہباز شریف کو خط لکھ دیا
اسلام آباد :صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں نگران حکومت کی تشکیل کے لیے وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے اپنے خط میں عمران خان اور شہباز شریف سے نگران وزیراعظم کے لیے نام مانگ لیے جس کے لیے ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے ملک میں نگران حکومت کی تشکیل کے لیے وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط ارسال کیے گئے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم کی تقرری تک عمران خان بطور وزیراعظم فرائض سر انجام دیتے رہیں گے ، آرٹیکل 224 اے ون کے تحت نگران وزیراعظم نامزد کیا جائے گا ، صدر مملکت ، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر باہمی مشاورت سے نگران وزیراعظم نامزد کریں گے ، اسمبلی تحلیل ہونے کے 3 روز میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر متفق نہ ہوئے تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوایا جائے گا ، اسپیکر اپوزیشن اور حکومتی اراکین پر مشتمل 8 رکن کمیٹی تشکیل دیں گے جو نگران وزیراعظم کا فیصلہ کرے گی۔
قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کو نگران وزیر اعظم کی تقرری تک کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ، آئین کے آرٹیکل 224 اے کی شق 4 کے تحت وزیراعظم عمران خان کو ہدایت جاری کی گئی ہیں جب کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کے 90 ن دن کے اندر الیکشن کروائے جائیں گے ، اس وقت تک کے لیے صدر نگران کابینہ مقرر کرے گا اور صدر پاکستان کی طرف سے سبکدوش وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کے بعد نگران وزیر اعظم مقرر کیا جائے گا۔
آئین کے مطابق اگر کسی نام پر اتفاق نہ ہوا تو دونوں تین نام کمیٹی کو بھجوائیں گے ، یہ کمیٹی اسپیکر قومی اسمبلی تشکیل دیں گے ، جس میں تحلیل ہونے والی اسمبلی سے حکومت اور اپوزیشن کے 8 اراکین شامل ہوں گے ، حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی تعداد برابر ہوگی ، کمیٹی تین دن میں مجوزہ ناموں میں سے کسی ایک کو نگران وزیر اعظم مقرر کرے گی ، اگر مکیٹی میں بھی اتفاق نہ ہوا تو یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے سپرد کیا جائے گا ، الیکشن کمیشن دو دن کے اندر نگران وزیر اعظم مقرر کرنے کا پابند ہوگا۔