وزیراعظم شہبازشریف نے سرکاری مصروفیات کا آغاز کر دیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری مصروفیات کا آغاز کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق شہبازشریف کو وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ‘ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی ، وزیراعظم شہباز شریف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا ، جس کے بعد ان کا ایوان وزیراعظم کے عملے سے تعارف بھی کرایا گیا ، جس کے بعد انہوں نے 23 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے باضابطہ طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
یاد رہے کہ نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کی شب کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھالیا ، پیر کو ایوان صدر میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بطور قائمقام صدر نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف سے حلف لیا ، تقریب میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت اتحادیوں جماعتوں کے اراکین اور نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز بھی شریک تھیں ، تقریب میں اعلٰی عسکری قیادت نے بھی شرکت کی، تاہم پاک فوج کے سپہ سالار قمر جاوید باجوہ تقریب میں نظر نہ آئے۔