چوہدری شجاعت حسین دلبرداشتہ ہوکر سیاست چھوڑنے پر غور کرنے لگے
اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین دلبرداشتہ ہوکر سیاست چھوڑنے پر غور کرنے لگے۔ نجی ٹی وی نے رپورٹ کیا ہے کہ جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے چوہدری پرویز الہیٰ کی عیادت کے موقع پر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی اور مشورہ دیا کہ کشیدگی اور انتہا پسندی ختم کرنے کے لیے میدان میں آئیں۔
ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ لیاقت بلوچ کی اس بات پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میں تو سوچ رہا ہوں کہ اب سیاست میں رہنا بھی ہے یا نہیں۔ جس پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ چوہدری صاحب آپ وضع دار سیاسی شخصیت ہیں ، سیاست چھوڑنے کی بجائے بہتر ہے سیاسی کشیدگی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے میدان میں آئیں اور قوم کو سمجھائیں کہ یہ سب کچھ کسی کے مفاد میں بھی نہیں۔
اس کے جواب میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ لیاقت صاحب میں اپنا ذہن بناتا ہوں پھر آپ سے ملاقات کرکے بات کروں گا۔ یاد رہے کہ حال ہی میں مسلم لیگ ق کی قیادت کے باہمی اختلافات کی خبریں بھی زیر گردش تھیں جس پر مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے ردِعمل دیا اور کہا تھا کہ تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے ہوئے ہیں اور میری مکمل حمایت حاصل ہے ، ہمارا خاندان اور جماعت ایک ہی پیج پر ہیں اس لیے جو افواہیں چل رہی ہیں اور چلوائی جا رہی ہیں وہ غلط ہیں ، پارٹی یا گھر میں تمام فیصلے میری مشاورت اور رضا مندی کے ساتھ ہوتے ہیں، وضاحت پر یقین نہیں رکھتا ، کہنا چاہوں گا کہ مجھے خاندان کا سربراہ سمجھا جاتا ہے۔