نیب نے فرح خان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے فرح خان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے فرحت شہزادی عرف فرح خان کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے ، اس ضمن میں چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب لاہور کو انکوائری کا حکم دیا ۔ ترجمان نیب نے کہا ہے کہ فرح خان کے خلاف اثاثے منی لانڈرنگ کے ذریعے بنانے کا الزام ہے ، گزشتہ 3 سال میں فرح خان کے اکاؤنٹ میں 847 ملین جمع ہوئے ، تمام رقم ذاتی اکاونٹ میں آتی رہی اور فوری نکلوائی بھی جاتی رہی ، 2018ء کے بعد سے نامعلوم ذرائع سے اثاثوں میں اضافہ ہوا ، فرح خان مسلسل بیرون ملک دورےکرتی رہیں ، انہوں نے 9 بار امریکہ اور 9 مرتبہ یو اے ای کا دورہ کیا۔
دوسری طرف کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والی فرح خان (خاتون اول کی قریبی دوست) نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات پر خاموشی توڑ دی ، انہوں نے اس حوالے سے کہا کہ میں اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کرتی ہوں، نہ میرا سیاست سے کوئی تعلق ہے اور نہ کبھی سرکاری کام کے معاملات میں مداخلت کی ہے ، میرے کردار پر غلیط کیچڑ اچھالنے والوں کی اپنی بہن بیٹیاں ہیں، میرے بزنس کے بارے میں پہلے بھی میرے شوہر وضاحت دے چکے ہیں۔