پی ٹی آئی اور ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی
لاہور: پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی اور ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے عثمان بزدار پر سوالات کی بوچھاڑ کردی اور استفسار کیا کہ وزیراعلیٰ آپ ہیں، ٹرانسفر اور پوسٹنگ کس کے حکم پر ہو رہی ہے؟ آئی جی کس کے حکم پر غیرقانونی اقدامات اٹھا رہے ہیں؟ آپ چیف ایگزیکٹو ہیں، آپ کی مرضی کے بغیر سی سی پی او کیسے تبدیل ہوئے؟ کیا ن لیگ کی مرضی سے پنجاب میں تبادلے ہو رہے ہیں؟ ۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں سابق وزرا نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو قانونی مشاورت کے بعد اہم اقدامات کا مشورہ دیا اور کہا کہ بطور وزیراعلیٰ آئی جی اور چیف سیکرٹری کے خلاف چارج شیٹ کی جائے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس دوران نگران وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ جو ٹرانسفر پوسٹنگ ہوئی ہیں، ان کا نوٹس لوں گا ، پولیس کے غیرقانونی اقدامات کی بھی جواب طلبی کی جائے گی۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی ارکان اسمبلی نے حمزہ شہباز کے حلف سے متعلق فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل لاہور ہائیکورٹ میں دائر کر دی ، تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سبطین خان اور راجہ بشارت سمیت 17 ارکان اسمبلی نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے