الٹی گنگا، دلہن بارات لے کر گئی اور دولہا کو بیاہ کر گھر لے آئی
نئی دہلی: دنیا بھر میں دولہا بارات لے کر جاتا ہے اور اپنی دلہن کو بیاہ کر گھر لے آتا ہے لیکن بھارت میں گزشتہ دنوں گنگا الٹی بہہ نکلی ہے جہاں ایک دلہن بارات لے کر گئی اور اپنے دولہا کو بیاہ کر گھر لے آئی۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ انوکھی شادی مشرقی پنجاب کے شہر موگا میں ہوئی جہاں دلہن پوری سج دھج کے ساتھ بارات لے کر گئی اور سکھ مذہب کی تعلیمات کے مطابق اپنے دولہا کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد اسے ساتھ اپنے گھر لے آئی۔
رپورٹ کے مطابق مشرقی پنجاب میں اس نوعیت کی شادیاں پہلے بھی دیکھنے میں آ چکی ہیں۔ ایسی شادیوں کی روایت ریاست ہریانہ کے شہر سرسا میں واقع ’ڈیرہ سچا سودا‘ کی طرف سے چند سال قبل شروع کی گئی تھی۔ اس روایت کے تحت ایسی لڑکیاں جن کے بھائی نہیں ہوتے، وہ بیاہ کر دولہا کے ساتھ جانے کی بجائے دولہا کو بیاہ کر اپنے گھر لے آتی ہیں اور ماں باپ کے ساتھ ہی رہتی ہیں۔