ہمارے پاس وقت تھوڑا ہے اور چیلنجز بہت زیادہ ہیں:وزیر اعلی پنجاب
لاہور : وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس وقت بہت تھوڑا ہے اور چیلنجز بہت زیادہ ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ہمیں تمام چینلجز کو پورا کرنا ہے، یہ صرف (ن) لیگ کی حکومت نہیں بلکہ اس میں اتحادی جماعتیں بھی شامل ہیں، یہ سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے، جس وجہ سے سب کومل کر فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبہ بہت بڑا ہے اور چیلنجز بہت زیادہ ہیں، چاہتے ہیں انہیں پورا کریں اور لوگوں کو ریلیف دیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے صحت اور تعلیم سمیت کئی چیلنجز چھوڑے ہیں، امن و امان کی صورتحال کا بھی مسئلہ ہے۔ کچھ دیر قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
گورنر ہاؤس پنجاب کے سبزہ زار میں ہونے والے حلف برداری کی تقریب میں لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حمزہ شہباز سے عہدے کا حلف لیا ، اس دوران مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز ، ن لیگی رہنماء کیپٹن ر صفدر ، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سمیت وفاقی وزراء ، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری اور مہمانوں سمیت مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد گورنر ہاؤس میں موجود تھی ، ن لیگی کارکنوں کی جانب سے اس موقع پر نعرہ بازی بھی کی گئی۔