صرف ایک میزائل برطانیہ کو صفحہ ہستی سے مٹا سکتا ہے، روسی ٹی وی
ماسکو : روسی ٹیلیویژن نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ صرف ایک روسی میزائل برطانیہ کو صفحہ ہستی سے مٹا سکتا ہے جس پر برطانوی ایوانوں میں ہلچل مچ گئی ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حالیہ برطانوی دھمکیوں کے جواب میں ایک روسی صحافی نے ٹیلیویژن پر کہا کہ برطانیہ ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے جسے ایک روسی ’سرمت‘ میزائل ہمیشہ کیلئے غرق کرنے کیلئے کافی ہوگا۔
روسی صحافی دیمتری کیسیلوف نے ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں روس کے خلاف برطانیہ کی حالیہ دھمکیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ روس برطانیہ کو گہرے سمندر میں غرق کرسکتا ہے۔انہوں نے روس کے چینل ون پر ایک پروگرام کے دوران کہا کہ روس نے حال ہی میں جس پوسیڈن تارپیڈو کی نقاب کشائی کی ہے وہ برطانیہ کو سمندر کی گہرائیوں میں غرق کرسکتا ہے۔کیسیلوف نے روس کے خلاف حالیہ برطانوی دھمکیوں کے جواب میں کہا کہ وہ گریٹر اور عظیم روس کو اپنے جوہری ہتھیاروں سے کیوں دھمکیاں دے رہے ہیں جب کہ وہ صرف ایک چھوٹا جزیرہ ہے اور برطانیہ کو روسی جوہری ہتھیاروں سے تباہ کیا جاسکتا ہے۔