سری لنکا میں غیرمعمولی صورتحال برقرار‘صدر نے دوبارہ ایمرجنسی نافذکردی
کولمبو:سری لنکا کے صدر نے گزشتہ روز 5 ہفتوں میں دوسری بار ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کو غیر معمولی اقتصادی بحران کا ذمہ دار قرار دینے والے مشتعل مظاہرین سے نمٹنے ملک گیر ہڑتال کے دوران سیکیورٹی فورسز اختیارات بڑھادیئے ہیں. غیرملکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر گوٹابایا راجا پاکسے کے ترجمان نے کہا ہے کہ انہوں نے دکانیں بند ہونے اور پبلک ٹرانسپورٹ کو روکنے کے بعد عوامی نظم و نسق کو یقینی بنانے کے لیے سخت قوانین نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے.
قبل ازیں پولیس کی جانب سے راجا پاکسے سے استعفے کا مطالبہ کرنے والے طلبہ کے ہجوم کو منشتر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا تھا‘ایمرجنسی سیکورٹی فورسز کو اختیار دیتی ہے کہ ملزمان کو گرفتارکر کے عدالتی سرپرستی کے بغیر طویل عرصے کے لیے حراست میں رکھا جائے، اس دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے علاوہ فوجی دستے تعینات کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے ترجمان کا کہنا ہے کہ قوانین کا اطلاق آج رات سے ہوگا.