وزیراعظم شہباز شریف کا رواں ہفتے لندن جانے کا امکان
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے ن لیگ کی قیادت کا لندن میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق احسن اقبال، مریم اورنگزیب،سعد رفیق اور خرم دستگیر لندن جائیں گے۔ن لیگ کی سینئر قیادت لندن میں اجلاس کے لیے کل روانہ ہو گی۔وزیراعظم شہباز شریف کا بھی اجلاس میں شرکت کے لیے لندن جانے کا امکان ہے۔
اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس کل منگل کو طلب کر لیا، کابینہ اجلاس کا 9 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے ۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونیوالے اجلاس میں ڈی جی آئی بی کی تعیناتی کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے جبکہ چیرمین واپڈا کے استعفی کی منظوری بھی کابینہ کرے گی ۔
اجلاس میں تونائی سیکٹر پر بریفنگ اور ملک میں گندم کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اورپاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگرمینٹ کی توسیع بھی ایجنڈے کا حصہ ہے ۔ آج ہونیوالے اجلاس میں وزارت داخلہ کی ایک سے زائد پاسپورٹ منسوخ کرنے کی پالیسی بھی منظوری کیلئے پیش ہو گی اور9 مئی کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے بھارت میں ٹریڈ منسٹر تعینات کرنے کی سمری کی منظوری دے دی ہے۔