حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کردی
اسلام آباد: وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 800 روپے، فی کلو چینی کی قیمت 85 روپے سے کم کر کے 70 روپے مقرر کردی گئی۔
اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ای سی سی اجلاس میں گندم کی طلب اور رسد کا جائزہ لیا گیا اور پاسکو اور پنجاب کو اضافی گندم خریدنے کی بھی منظوری دے دی گئی جبکہ آٹے اور چینی کی قیمتوں میں نظرثانی کی سمری اجلاس میں پیش کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق ملکی طلب کے مطابق 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دی گئی جبکہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری مؤخر کر دی گئی۔ اجلاس نے ویجی ٹیبل گھی پر 180 روپے فی کلو سبسڈی دینے کی بھی منظوری دے دی۔