مریم نواز نے بھی ملک میں فوری نئے انتخابات کی حمایت کردی
اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک میں الیکشن تو ہونا ہے کیوں کہ مخلوط حکومت بڑے فیصلے نہیں کرسکتی ، میری پارٹی کو عمران خان کے گناہوں کا ٹوکرا اپنے سر نہیں لینا چاہیے ، ملکی حالات سے نمٹنے کے لیے الیکشن واحد حل ہے ۔
اسلام آباد میں میدیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس 4سا ل میں 4سکینڈ کی کارکردگی بتانے کےلیے کچھ نہیں ، عمران خان کی شکل میں پاکستان کے ساتھ سازش ہوئی ، ان کی کارکردگی نہیں ہے اس لئے خط اور سازش کی ضرورت پڑتی ہے ، جس شخص نے دوست ممالک کو دشمنی میں دھکیل دیا وہ تو ملک کے لیے خطرناک ہوگا ، یہ لوگ اپنی ہی لائی ہوئی مہنگائی کے خلاف پریس کانفرنس کررہے ہیں ، اب ڈالر پر بات کرتے ہیں، پہلے 189 پر ڈالر کا جواب تو دیں لوگ جانتے ہیں مہنگائی آپ کی وجہ سے ہے ، اس لیے مہنگائی کا چورن اب نہیں بکے گا۔
نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ عمران خان نے جاتے جاتے پاکستان کے دیگر ممالک کے تعلقات کو آگ لگائی ، جب کسی اناڑی کو لاکر بٹھاتے ہیں تو وہ یہی کرے گا ، عمران خان جعلی ووٹوں سے آئے ہم نے تو پھر بھی آئینی طریقے سے گھر بھیجا ، عمران خان کو جب تک ادارے سپورٹ کررہے تھے تب تک وہ سراج الدولہ تھے ، جیسے اقتدار جاتا نظر آگیا تو آج کوئی میر صادق کوئی میر جعفر بن گیا ، اگر فوج کہتی ہے وہ آئینی حدود میں رہ کر کام کر ے گی تو یہ خوش آئند بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب آج تک ثبوت پیش نہ کرسکا ، روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کی استدعا کی گئی تھی ، 10ماہ ہوگئے نیب اسے طویل کر رہا ہے ، اب نیب کے پاس کوئی جواب نہیں ہے ، کبھی نیب کو کورونا ہوجاتا ہے اصل میں ان کے پاس ثبوت نہیں ہیں ، گر ثبوت ہوتا تو 10ماہ میں وہ عدالت میں پیش کرتے ، آج بھی سماعت میں وکیل نہیں آئے ، جسٹس اطہر من اللہ سے درخواست ہے کہ اگر نیب کے پاس ثبوت ہیں تو سزا دیں لیکن کسی کو اجازت نہیں دوں گی کہ اسطرح مریم بنام اسٹیٹ کی آوازیں لگیں.