بلاول بھٹو زرداری کا عمران خان کے دورہ روس کا دفاع

بلاول بھٹو زرداری کا عمران خان کے دورہ روس کا دفاع

نیو یارک:وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کے دورہ روس کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کے روس کے دورے کی حمایت کرتا ہوں‘ انہیں یہ نہیں معلوم تھا روس پہنچتے ہی ماسکو یوکرین پر حملہ کردے گا ‘ پاکستان کو اس طرح کے بے گناہ اقدام کی سزا دینا انتہائی غیر منصفانہ اقدام ہوگا ۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے خارجہ پالیسی کے تحت روس کا دورہ کیا تھا ، میں ان کے دورہ روس کا دفاع کرتا ہوں اور دورہ روس پر پاکستان کو قصوروار ٹھہرانا درست نہیں ہے ، ہم کسی جارح کی طرف داری نہیں کرنا چاہتے ہیں اور کسی تنازع کاحصہ نہیں بننا چاہتے ، ہم جنگ دیکھ دیکھ کر تھک چکے ہیں ، ہمیں افغانستان میں جاری بحران پرتشویش ہے اور پاکستان فلسطینیوں کی بھی حمایت کرتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ تنازعات کی وجہ سے انسانی بحران جنم لے رہے ہیں اور غذائی قلت کا سامنا ہے، اس حوالے سے قائدانہ کردار کے لیے ہم اقوام متحدہ کی طرف دیکھتے ہیں ، یوکرین کے لوگ وہاں جاری تنازع کی وجہ سے بھوک کا شکار ہو رہے ہیں ، افغانستان کی 95 فیصد آبادی تنازع کی وجہ سے براہ راست خطرے میں ہے ، مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے لوگ دائمی تنازع کی وجہ سے مسلسل قید ہیں اور بھوک سمیت وحشیانہ سلوک کا شکار ہیں ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اقوام متحدہ کے قیام کے بنیادی مقاصد میں تنازعات کا حل، جنگ کا خاتمہ، امن قائم کرنا، بھوک، غربت اور پسماندگی کے خلاف جنگ کرنا شامل تھے ، اقوام متحدہ اسی مقصد کے لیے وجود میں آئی تھی لیکن اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے تحت 76 سال قبل تشکیل دیا گیا ورلڈ آرڈر متزلزل ہو رہا ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے