پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں گے:مفتاح اسماعیل
اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے کہوں گاقوم تیل کی قیمت بڑھنے کی متحمل نہیں ہوسکتی لہٰذا ہمیں وقت دیا جائے۔ان کا کہنا ہے کہ شوکت ترین نے آئی ایم ایف سے وعدہ کیا تھا کہ سبسڈی نہیں دیں گے بلکہ 30 روپے فی لیٹر ٹیکس لگائیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان اور شوکت ترین نے جو عدہ کیا ہے اس حساب سے ایندھن پر سبسڈی ختم کرکے پھر 30 روپے فی لیٹر ٹیکس لگانا ہے، عمران اور شوکت ترین کے فارمولے سے ڈیڑھ سو روپے ڈیزل کی قیمت بڑھانی پڑے گی، ان لوگوں نے آئی ایم ایف سے وعدہ کیا تھا جس کا نتیجہ ہم بھگت رہے ہیں، یہ ایک لکھا ہوا معاہدہ ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ شوکت ترین جھوٹ بول رہے تھے کہ انہوں نے سبسڈی کے لیے فنڈ چھوڑے ہیں مجھے اس پر ہنسی آتی ہے، مجھے بتائیں وہ کہاں پیسے چھوڑ کر گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ قرآن پر ہاتھ رکھ حلفیہ کہتا ہوں کہ وزیر خزانہ بننے سے دو روز قبل سیکرٹری خزانہ سے ملا، انہوں نے جو پریزنٹیشن دکھائی اس حساب سے 1300 ارب کا بنیادی خسارہ ہے اور 56 ارب کا وفاقی حکومت کا خسارہ ہے، اب بتائیں کہاں پیسے چھوڑ کر گئے تھے، انہوں نے کوئی پیسہ نہیں چھوڑا،آپ یہ کہیں معاہدے کی خلاف ورزی کرکے گئے۔انہوں نے کہا ہے کہ اسد عمر نے 9.1 فیصد کا خسارہ دیا جو 52 سال کا ریکارڈ تھا، جب ہم گئے تو پاکستان گندم ایکسپورٹ کرتا تھا لیکن آج امپورٹ کررہا ہے۔