قومی دولت لوٹنے والوں کو احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی دولت لوٹنے والوں کو احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان سے (ق) لیگ کے صدرچوہدری شجاعت حسین نے ملاقات کی۔ چوہدری پرویزالہی، طارق بشیر چیمہ اورمونس الہی سمیت جہانگیرترین بھی ملاقات میں موجود تھے۔ چوہدری پرویزالٰہی نے بجٹ کی حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مرکزاورصوبے میں بجٹ منظورکروانے میں اپنا بھرپورکردارادا کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کی غیرمشروط حمایت پرمسلم لیگ (ق) کی قیادت کا مشکورہوں، اتحادیوں کوساتھ لے کرچلیں گے، قومی دولت لوٹنے والوں کواحتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق (ق) لیگ نے وزیراعظم اپنے تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وعدوں پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ مسلم لیگ (ق) نے مونس الہی کووفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا مطالبہ بھی کردیا۔