ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے بھی اوپر چلا گیا
اسلام آباد: ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے بھی اوپر چلا گیا ، شدید گرمی میں 10 سے 12 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 28200 میگاواٹ ہوگئی ہے لیکن توانائی بحران کے شدت اختیار کرنے کی وجہ سے رسد تقریباً 21200 میگاواٹ ہے ، جس کی وجہ سے ملک مین بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس وقت ملک میں پن ذرائع سے 4 ہزار 635 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور سرکاری تھرمل پاور پلانٹس ایک ہزار 60 میگاواٹ بجلی بنا رہے ہیں اس کے علاوہ آئی پی پیز سے 9 ہزار 677 میگاواٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے تاہم تیل گیس کوئلے کی قلت کے باعث متعدد پلانٹس بند پڑے ہیں ، جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں اس وقت 10 سے 12 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا ری ہے جب کہ زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اس سے بھی زیادہ ہے ۔