امریکا ، یوکرین کی لانگ رینج راکٹ نظام فراہم کرنے کی درخواست رد
امریکا نے کہا ہے کہ وہ یوکرین کو ایسے راکٹ سسٹم فراہم نہیں کرے گا جو روس تک مار کر سکیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں صدر جو بائیڈن نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ امریکا یوکرین کو وہ راکٹ سسٹم نہیں دے گا جو روس تک پہنچ سکتے ہوں۔
امریکی صدر کا یہ بیان واشنگٹن پوسٹ اور سی این این کی ان خبروں کے پس منظر میں آیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ روس کے خلاف یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید راکٹ سسٹم بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے۔
یوکرین کی حکومت نے مغربی ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اسے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار فراہم کریں تاکہ تین ماہ سے جاری جنگ کا رخ موڑا جا سکے۔ اس پر امریکی حکام نے کہا تھا کہ یوکرین کو ایسے ہتھیاروں کی فراہمی پر غور کیا جا رہا ہے۔