پاکستان میں الیکٹرک کار کا تیز ترین چارجنگ اسٹیشن
گاڑیوں کی دنیا میں الیکٹرک گاڑیوں نے انقلاب برپا کردیا ہے اور اب دنیا پیٹرول سے چلنے والی گاڑیوں سے الیکٹرک گاڑیوں کی طرف رخ کر رہی ہے- البتہ پاکستان میں یہ الیکٹرک گاڑیاں ابھی بھی ہمیں بہت کم نظر آتی ہیں جس کی بنیادی وجہ ان گاڑیوں کی انتہائی بھاری قیمت ہے-
تاہم چونکہ یہ پاکستان میں کم تعداد ہی سہی موجود تو ہیں اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے حال ہی میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں الیکٹرک گاڑیوں کا چارجنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے- اس چارجنگ اسٹیشن کو پاکستان کا سب سے پہلا تیز ترین چارجنگ اسٹیشن ہونے کا اعزاز حاصل ہے- اس اسٹیشن پر آنے والی الیکٹرک گاڑی کی بیٹری صرف 15 منٹ کے مختصر وقت میں مکمل چارج کر دی جاتی ہے-
اتنے کم وقت میں الیکٹرک کار کی بیٹری کا چارج ہوجانا صارفین کی اصل اہم ضرورت تھا- یہ تیز ترین چارجنگ اسٹیشن کراچی میں مشہور زمانہ زینب مارکیٹ سے پریس کلب کی طرف جانے والی سڑک پر قائم کیا گیا ہے-
دلچسپ بات یہ ہے کہ پیٹرول پمپ کی مانند یہ چارجنگ اسٹیشن بھی 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے- اور یہ ایسے مقام پر قائم ہے جہاں کسٹمر کسی وقت بھی پہنچ سکتے ہیں اور اپنی گاڑی کی بیٹری چارج کروا کر جاسکتے ہیں-