شہباز حکومت کاعوام پرپھر پیٹرول بم، 30 روپے فی لیٹر کا مزید اضافہ
شہباز شریف حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 209 روپے 86 پیسے، ڈیزل 204 روپے 15 پیسے ، لائٹ ڈیزل 178 روپے 03 پیسے اور مٹی کا تیل 181 روپے 94 پیسے ہوگئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت کو پیٹرول اور ڈیزل کی سبسڈی کی مد میں کافی نقصان ہورہا ہے اس پر نظر ثانی ضروری ہے، آج بھی ڈیزل پر 54 روپے فی لیٹر سبسڈی دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور شوکت ترین نے آئی ایم ایف سے جو معاہدہ کیا اس کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر 91 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔