سر کی جنبش سے بجلی بنانے اور نیند نوٹ کرنے والا اسمارٹ تکیہ
ماہرین بار بار زور دیتے ہیں کہ اچھے میعار کی نیند خود سانس لینے جیسے ہی اہم ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یورپ اور امریکہ میں نیند کا جائزہ لینے کے لیے کئی آلات، بستر اور تکیے بنائے جاتے ہیں۔ اب اس ضمن میں آپ کی نیند نوٹ کرنے والا ایک اسمارٹ تکیہ بنایا گیا ہے۔
چینی ماہرین نے اس کا ایک شاندار حل پیش کیا ہے جس میں دو خواص سمودیئے گئے ہیں۔ اسمارٹ تکیہ ایک جانب تو دن رات آپ کی نیند کا معیار یا سلیپ کوالٹی نوٹ کرتا ہے اور دوسری جانب سر کی حرکت سے ہی بجلی بناتا ہے اور یوں بار بار بیٹری بدلنے یا چارج کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
تکیے میں ٹربوالیکٹرک نینوجنریٹر ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ لیکن بے فکر رہیں کہ اس سے تکیے کا معیار اور نرمی نہیں بدلی ہے۔ اسے ایک خاص قسم کے مٹیریئل سے تیار کیا گیا ہے۔ تکیے کا کپڑا نرم لچکدار پالیمر سے بنا ہے جس میں ٹربو الیکٹرک تہیں بچھائی گئی ہیں۔ جیسے ہی اس پر رکھے سر کی جنبش اندر بجلی بنتی رہتی ہے۔ اس توانائی سے حساس سینسر چلتے ہیں اور نیند کی کیفیت، بے چینی یا کسی اور خلل کی خبر ایک ڈیٹا کی صورت میں ایپ یا لیپ ٹاپ پرموصول ہوتی رہتی ہے۔
تجربات سے معلوم ہوا کہ تکیہ سر کے دباؤ بلکہ انگلی پھیرنے کے ہلکے دباؤ کوبھی نوٹ کرتا ہے اور اس کا ڈیٹا ایک سےدوسرے مقام تک بھیج سکتا ہے۔